ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل قومی ٹیم سے متعلق بڑی خبر آگئی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے 13 جولائی کو اسلام آباد سے روانہ ہوگی، جبکہ دورہ انگلینڈ کے لیے بھی اسی اسکواڈ کو برقرار رکھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی 8 جولائی کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے، جہاں ہیڈ کوچ سرفراز احمد کی نگرانی میں مختصر تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔

کیمپ کے اختتام کے بعد قومی ٹیم ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔

اس وقت قومی ریڈ بال اسکواڈ کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے، جس کے 2 جولائی کو اختتام پذیر ہونے کا امکان ہے۔ کیمپ میں کھلاڑی اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں تاکہ آئندہ غیر ملکی دوروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے لگے، این ڈی ایم اے نے 3 جولائی تک الرٹ جاری کر دیا

اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے 17 رکنی مشترکہ اسکواڈ کا اعلان کر سکتا ہے، جو دونوں سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 25 جولائی سے جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2 اگست سے کھیلا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد قومی ٹیم انگلینڈ کا رخ کرے گی، جہاں تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔

Scroll to Top