لاہور: پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی تیاریاں تیز کر دیں، جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسکیم کے فیز ٹو کے تحت لیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ پنجاب پہنچ چکی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق دوسرے مرحلے کے لیے ابتدائی طور پر 30 ہزار لیپ ٹاپس موصول ہو چکے ہیں، جنہیں جلد میرٹ پر مستحق طلبہ میں تقسیم کیا جائے گا۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رواں سال صوبے بھر کے ہونہار طلبہ کو 70 ہزار سے زائد لیپ ٹاپس فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں ڈیجیٹل تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شعبہ تعلیم کے لیے ریکارڈ 750 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری، اولمپکس 2028 سے متعلق بڑا اعلان
حکومت کے مطابق تعلیمی بجٹ کا بڑا حصہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت پر خرچ کیا جائے گا۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق اسکول ایجوکیشن کے جاری اخراجات کے لیے 600.78 ارب روپے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 13.18 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 570.52 ارب روپے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اور سرکاری اسکولوں کو گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے جاری اخراجات کے لیے 83.48 ارب روپے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11.15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کی ادائیگی کے لیے 68.72 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔





