لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں ایک صدی سے زائد عرصے بعد کرکٹ کی تاریخی واپسی ہونے جا رہی ہے، تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کیے گئے کوالیفکیشن طریقہ کار نے پاکستان کی مینز اور ویمنز ٹیموں کے لیے اولمپکس تک رسائی کو خاصا مشکل بنا دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق کرکٹ 1900 کے پیرس اولمپکس کے بعد پہلی بار اولمپکس کا حصہ بنے گی، جہاں مینز اور ویمنز دونوں ایونٹس ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ ہر ایونٹ میں صرف 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کے مختلف اضلاع کے سیوریج نمونوں میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی تصدیق
کوالیفکیشن کے طریقہ کار کے تحت چار ٹیمیں افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشنیا سے اپنی براعظمی نمائندگی کی بنیاد پر براہ راست جگہ حاصل کریں گی، جبکہ میزبان امریکا بھی اس شرط پر اولمپکس کھیل سکے گا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ 15 ٹیموں میں شامل ہو۔
آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ اولمپکس میں شریک ٹیموں کا تعین موجودہ آئی سی سی ایونٹس اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ آخری یعنی چھٹی نشست کے لیے آئی سی سی اولمپک کوالیفائر ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس ایونٹ کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
اولمپکس میں شریک چھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ گروپ مرحلے کے بعد ٹاپ ٹیمیں کراس اوور میچز کھیلیں گی، جبکہ بہترین دو ٹیمیں گولڈ اور سلور میڈل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان برانز میڈل کا مقابلہ کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی مینز ٹیم کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ آئی سی سی کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں ایشیا کی نمبر ون ٹیم براہ راست اولمپکس میں جگہ بنائے گی، جہاں اس وقت بھارت مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وینزویلا میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 1700 سے تجاوز، ہزاروں افراد تاحال لاپتا
اگر پاکستان ایشیا کی ٹاپ رینکنگ ٹیم نہ بن سکا تو اسے 2027 میں ہونے والے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر میں شرکت کرنا ہوگی، جہاں ٹورنامنٹ جیتنے کی صورت میں ہی لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں جگہ مل سکے گی۔
دوسری جانب ویمنز ایونٹ میں آسٹریلیا، بھارت، برطانیہ اور جنوبی افریقا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی بنیاد پر پہلے ہی براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم براہ راست کوالیفکیشن سے محروم ہو چکی ہے کیونکہ ایشیا کی سب سے اعلیٰ رینکڈ اہل ٹیم ہونے کی بنیاد پر بھارت نے اولمپک کوٹہ حاصل کر لیا ہے۔
اب پاکستانی ویمنز ٹیم کے پاس اولمپکس تک رسائی کا واحد راستہ 2027 میں ہونے والا آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر ہے، جہاں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم لاس اینجلس اولمپکس کی آخری نشست اپنے نام کرے گی۔





