بنوں میں بجلی کا بڑا بحران! ایم پی اے گرڈ اسٹیشن میں داخل،مداخلت سے سسٹم بیٹھ گیا

بنوں میں بجلی کا بڑا بحران! ایم پی اے گرڈ اسٹیشن میں داخل،مداخلت سے سسٹم بیٹھ گیا

بنوں میں بجلی کا بڑا بحران، ایم پی اےملک راحت کی مبینہ مداخلت سے گرڈ اسٹیشن متاثر، سپلائی معطل ہوگئی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں بجلی کا بڑا بحران اس وقت پیدا ہو گیا جب رکنِ صوبائی اسمبلی ملک راحت مبینہ طور پر پیسکو کے 132 کے وی گرڈ اسٹیشن میں داخل ہو گئے اور زبردستی تمام فیڈرز آن کروا دیے۔

ترجمان پیسکو کے مطابق گرڈ اسٹیشن میں فیڈرز کو غیر معمولی طور پر آن کیے جانے کے باعث سسٹم اوورلوڈ ہوگیا، جس کے نتیجے میں بنوں گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی مکمل سپلائی معطل ہو گئی۔

پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس اچانک خرابی کے باعث بنوں کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ترجمان کے مطابق صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے فوری طور پر مرمتی کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

پیسکو نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرڈ اسٹیشن جیسے حساس اداروں میں مداخلت سسٹم کے لیے شدید خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

دوسری جانب بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور علاقے میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

Scroll to Top