خیبر پختونخوا حکومت کا جمعہ کے روز ورک فرام ہوم ختم کرنے کا اعلان

خیبر پختونخوا حکومت کا جمعہ کے روز ورک فرام ہوم ختم کرنے کا اعلان

خیبر پختونخوا حکومت نے جمعہ کے روز سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے اس فیصلے پر باقاعدہ عمل درآمد شروع کر دیا جائیگا۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جمعہ اب باقاعدہ سرکاری ورکنگ ڈے ہوگا اور تمام سرکاری ملازمین معمول کے مطابق دفاتر میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری امور اب سابقہ شیڈول کے تحت ہی انجام دیے جائیں گے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامی سیکریٹریز کو باضابطہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، تاکہ سرکاری نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ جمعہ کے روز تمام سرکاری دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور عوامی امور بغیر کسی تاخیر کے نمٹائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد بجلی، ایندھن اور دیگر آپریشنل اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اس سے قبل اسی پالیسی کے تحت سرکاری عملے کے اوقات کار اور ورک فرام ہوم کے نظام میں بھی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

Scroll to Top