چارسدہ میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، مظاہرین نے واپڈا ایکسین آفس کو تالے لگا دیے

چارسدہ میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، مظاہرین نے واپڈا ایکسین آفس کو تالے لگا دیے

چارسدہ، بجلی لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ مشتعل مظاہرین نے واپڈا کے ایکسین آفس کا گھیراؤ کرتے ہوئے دفتر کو تالے لگا دیے ، مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدترین لوڈشیڈنگ سے تنگ آئے شہری، آل پارٹیز کانفرنس کے رہنماؤں اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے کارکنوں کے ہمراہ واپڈا ایکسین آفس پہنچے، جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے دفتر کو بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور کاروبار، گھریلو معمولات اور طلبہ کی تعلیم بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ایکسین واپڈا نے اے پی سی اجلاس میں پیش کیے گئے مطالبات اور نکات کو نظر انداز کیا، جس کے باعث عوام کو احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ میں واضح کمی اور اعلیٰ حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات تک احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے مرکزی شاہراہیں بند کرنے کے بجائے واپڈا دفتر کو ہی بند رکھا تاکہ عام شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ دوسری جانب شدید گرمی کے باوجود احتجاجی شرکا کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ چارسدہ میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Scroll to Top