پاسپورٹ گھر بیٹھے حاصل کریں، حکومت کا اہم اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اب اپنا پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے اسے براہِ راست اپنے گھر پر منگوا سکیں گے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نجی کورئیر کمپنی کے تعاون سے اس نئی سروس کا آغاز کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا اور ٹی سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن رضا لغاری کے درمیان ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران باقاعدہ معاہدہ کیا گیا۔

نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرانے والے شہری درخواست کے وقت ہی کورئیر کے ذریعے گھر پر پاسپورٹ کی ڈلیوری کا آپشن منتخب کر سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے ٹی سی ایس کو ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا آفیشل سروس پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بی آئی ایس پی مستحق خواتین کے لیے بڑا اعلان

حکام کے مطابق ہوم ڈلیوری سروس کے ذریعے شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور آسان انداز میں پاسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے عوام دوست اصلاحاتی پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرکاری خدمات کو مزید مؤثر اور آسان بنانا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اس سے قبل ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام متعارف کرانے کا بھی اعلان کر چکی ہے، جبکہ ہوم ڈلیوری سروس کے آغاز سے شہریوں کے وقت اور اخراجات میں مزید بچت متوقع ہے۔

Scroll to Top