اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور گرد و نواح میں تیز بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی۔
بارش کے بعد مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جبکہ شہریوں نے موسم کی تبدیلی کو سراہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے بعض علاقوں میں مزید شدید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور زیر آب آنے کا خدشہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: رات گئے موٹر سائیکل اور سوزوکی میں تصادم، 4 افراد زخمی
دوسری جانب لاہور اور مریدکے میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ مریدکے میں آندھی اور بارش کے باعث متعدد بجلی فیڈر ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے اور موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔





