پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے لائن سٹاف کی اپ گریڈیشن کا ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسسٹنٹ لائن مین، لائن مین ون (LM-I) اور لائن مین ٹو (LM-II) کو اگلے گریڈز میں ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔
اس سلسلے میں پیسکو سرکل پشاور نے باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے اہل ملازمین سے مطلوبہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق، اس اپ گریڈیشن کے لیے صرف وہی ملازمین اہل تصور کیے جائیں گے جنہوں نے محکمے میں کم از کم 5 سالہ سروس کا دورانیہ مکمل کر رکھا ہو۔
پیسکو انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ اہل ملازمین مقررہ وقت کے اندر اپنی سالانہ خفیہ رپورٹس (ACRs)، مکمل سروس ریکارڈ، فٹنس سرٹیفکیٹ، محکمانہ کلیئرنس، آڈٹ کلیئرنس اور انضباطی (ڈسپلنری) کلیئرنس سرٹیفکیٹ جمع کرائیں۔
کمپنی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اگست مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی یا نامکمل درخواستوں پر کوئی غور نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں کمشنر ہزارہ سمیت اعلی افسران کے تبادلے و تعیناتیاں
انتظامیہ نے ملازمین کو تاکید کی ہے کہ وہ بروقت دستاویزات جمع کرائیں تاکہ اپ گریڈیشن کا عمل بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جا سکے۔





