زخمی پولیس اہلکار نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کیا مطالبہ کر دیا؟ کیا ان کی خواہش پوری ہوگی؟ اہم خبر سامنے آ گئی

زخمی پولیس اہلکار نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کیا مطالبہ کر دیا؟ کیا ان کی خواہش پوری ہوگی؟ اہم خبر سامنے آ گئی

دہشتگردی کیخلاف فرنٹ لائن پر ڈیوٹی، خیبرپختونخوا پولیس نے جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی کی ضرورت پر زور دیا ہے، جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ فورس کو جدید وسائل سے لیس کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے ایک پولیس اہلکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے پولیس کو دہشت گردوں کے مقابلے کے لیے جدید اسلحہ اور وسائل فراہم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں زخمی اہلکار کا کہنا ہے کہ پولیس دہشت گردوں کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہی ہے، اس لیے اہلکاروں کو بھی جدید ہتھیار، ٹیکنالوجی اور حفاظتی سازوسامان فراہم کیا جائے تاکہ وہ مؤثر انداز میں دہشت گردی کا مقابلہ کر سکیں۔

صوبائی وزیر شفیع جان نے اس حوالے سے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پولیس کو جدید وسائل کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ ان کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں پولیس کے لیے 191 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ فرنٹ لائن اضلاع میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی استعداد بڑھانے کے لیے جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیاں، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل کیمرے، ڈرون ٹیکنالوجی، سیف سٹی منصوبوں اور فارنزک سہولیات کے لیے بھی اربوں روپے رکھے گئے ہیں۔

شفیع جان کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے سیکڑوں ڈرون حملے ناکام بنائے گئے، جبکہ پہلی بار خیبرپختونخوا پولیس میں یو اے وی (UAV) ڈویژن بھی قائم کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او لوئر دیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بدلتی حکمت عملی کے پیش نظر مزید جدید وسائل کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تاہم حکومت اور پولیس کی اعلیٰ قیادت کی خصوصی توجہ کے باعث لوئر دیر پولیس کو جدید ڈرونز، اینٹی ڈرون سسٹمز، کواڈ کاپٹرز، ہیوی گنز، تھرمل ویپن سائٹس، تھرمل بائنوکولرز، بیلسٹک پروف ہیلمٹس اور دیگر جدید آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہی جدید وسائل کی بدولت دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی بروقت نگرانی، ان کی نشاندہی اور مؤثر کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، جبکہ پولیس فورس دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے۔

Scroll to Top