ایف بی آر کے آن لائن سسٹمز کب بند ہوں گے؟ ٹیکس دہندگان کے لیے اہم اعلان جاری

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنے اہم ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن اور مینٹیننس کے باعث دو روز سے زائد دورانیے کے لیے متعدد آن لائن خدمات کی عارضی بندش کا اعلان کر دیا ہے۔

ایف بی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈیجیٹل سسٹمز کی مینٹیننس کا آغاز ہفتہ 8 اگست 2026 کو رات 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جو پیر 10 اگست 2026 کو صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔

اعلامیے کے مطابق اس دوران تقریباً 52 گھنٹے 30 منٹ تک مختلف آن لائن پلیٹ فارمز دستیاب نہیں ہوں گے۔

مینٹیننس کے دوران ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس (IRIS)، ڈیجیٹل انوائسنگ، پیمنٹ سسٹم، سِنکرونائزڈ ودہولڈنگ ایڈمنسٹریشن اینڈ پیمنٹ سسٹم (SWAPS) اور پی او ایس رجسٹریشن سمیت متعدد سہولیات استعمال نہیں کر سکیں گے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مینٹیننس کے دوران ان پلیٹ فارمز پر ٹیکس ریٹرن فائلنگ، ادائیگیوں، رجسٹریشن یا کسی بھی قسم کی آن لائن ٹرانزیکشن کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : معروف امریکی اداکارہ کیلی ہوٹل ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں

ٹیکس اتھارٹی نے تمام ٹیکس دہندگان، کاروباری اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ضروری، زیر التوا اور وقت حساس ٹیکس ریٹرنز، ادائیگیاں اور رجسٹریشن کا عمل مینٹیننس شروع ہونے سے قبل مکمل کر لیں تاکہ کسی بھی تاخیر یا پریشانی سے بچا جا سکے۔

ایف بی آر کے مطابق مینٹیننس مکمل ہونے کے بعد تمام ڈیجیٹل سروسز فوری طور پر بحال کر دی جائیں گی۔ ادارے نے عارضی بندش کے باعث ہونے والی ممکنہ زحمت پر ٹیکس دہندگان سے معذرت بھی کی ہے۔

Scroll to Top