مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے عالمی خام تیل کی سپلائی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بین الاقوامی بینچ مارک برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد کمی ہوئی، جس کے بعد برینٹ کی قیمت 95.61 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اس سے قبل جمعرات کو برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی۔
دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں بھی 4.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 88.40 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔
ٹریڈنگ پلیٹ فارم آئی جی کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار کرس بیوچیمپ کے مطابق مسلسل ایک ہفتے تک قیمتوں میں اضافے کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع حاصل کرنے کے رجحان کے باعث تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ، سرکاری ملازمین کے الاؤنس میں اضافہ
دوسری جانب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی حکومت نے 25 جولائی کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 335 روپے 18 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 383 روپے 46 پیسے مقرر کی ہے۔
گزشتہ روز بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 4 روپے 40 پیسے اور 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔





