سپینش فٹبالر کے لمبے بالوں کا راز سامنے آگیا، جذباتی کہانی نے مداحوں کو رُلا دیا

میڈرڈ: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسپین کی کامیابی کے بعد ٹیم کے اسٹار فٹبالر مارک کوکوریلا کے گھنگریالے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی ایک جذباتی کہانی سامنے آ گئی، جس نے مداحوں کو بھی جذباتی کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مارک کوکوریلا اپنے بال جان بوجھ کر لمبے رکھتے ہیں اور میچ کے دوران انہیں نہیں باندھتے تاکہ ان کا بڑا بیٹا ماٹیو، جو آٹزم کا شکار ہے، میدان میں انہیں آسانی سے پہچان سکے۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک منفرد انداز نہیں بلکہ اپنے بیٹے سے محبت اور اس کے ساتھ مضبوط تعلق کی علامت ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسپین کی ورلڈ کپ فتح کے بعد کوکوریلا کی یہ کہانی دوبارہ توجہ کا مرکز بن گئی۔ فٹبال کے میدان سے باہر انہوں نے اور ان کی پارٹنر کلاڈیا روڈریگیز نے اپنے بیٹے میں آٹزم کی تشخیص کے بعد ایک مشکل دور کا سامنا کیا۔

ایمازون پرائم کی ایک دستاویزی فلم میں کلاڈیا روڈریگیز نے بتایا کہ جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کا بیٹا دیگر بچوں سے مختلف انداز میں نشوونما پا رہا ہے تو وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی باکسر فاطمہ زاہرہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

ان کے بقول وہ روزانہ اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑنے جاتے اور واپسی پر آبدیدہ ہو جاتے، جبکہ اسی دوران وہ اپنے دوسرے بچے ریو کی پیدائش کی تیاری بھی کر رہے تھے۔

مارک کوکوریلا نے بھی اعتراف کیا کہ اپنے بیٹے میں آٹزم کی تشخیص کو قبول کرنا ان کے لیے آسان نہیں تھا، تاہم انہوں نے ہر مشکل مرحلے میں اپنے خاندان کا بھرپور ساتھ دیا اور اپنے بیٹے کی بہتر زندگی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی۔

Scroll to Top