سوات کے مرکزی شہر مینگورہ اور گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی متعدد افراد گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے جبکہ کئی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 212 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کچھ دیر تک محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگوں میں تشویش پائی گئی۔ حکام کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔





