کراچی کے سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک کی شناخت 35 سالہ حبیب کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ متعلقہ حکام شناخت کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔
حادثے کے باعث علاقے میں کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، تاہم پولیس نے صورتحال کو معمول پر لاتے ہوئے ٹریفک بحال کر دی۔





