خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں سے کم ہیں، معاملے پر وزیراعلیٰ سے بات کروں گا، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیس کی تنخواہیں ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہیں حالانکہ خیبرپختونخوا پولیس کی خدمات اور قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تنخواہیں سب سے زیادہ ہونی چاہئیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اس معاملے پر پارٹی اور صوبائی حکومت سے بھی بات چیت ہوئی ہے جبکہ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے بھی کئی بار اس حوالے سے گفتگو کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ اس معاملے کو اٹھائیں گے اور اس بات پر زور دیں گے کہ اگر پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں سے زیادہ نہیں کی جا سکتیں تو کم از کم برابر ضرور کی جائیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس شہداء کے لیے ایک پیکیج موجود ہے تاہم زخمی اہلکاروں کے لیے دیا جانے والا پیکیج بہت کم ہے، جس میں اضافے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے بھی بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قوم سیسہ پلائی دیوار، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا، آئی جی اسلام آباد

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فوج میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے ایک باقاعدہ نظام موجود ہے لیکن پولیس اہلکاروں کے یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈٰ نے کہا کہ ان بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ مستقبل میں مشکلات کا شکار نہ ہوں۔

Scroll to Top