گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار پر نظرثانی کا مطالبہ

کراچی: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کی اپیل کر دی۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات، صنعت کے مسائل اور موجودہ تحفظات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل سے ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے قیمتوں میں تبدیلی کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے فیصلہ 15 روز یا ایک ماہ کے وقفے سے کیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسز میں ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ صنعت کو درپیش مسائل کم ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا سخت ردعمل، بیانات حقائق تبدیل نہیں کر سکتے، خواجہ آصف

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مزید کہا کہ دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے موقع پر کیے گئے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اور نقصانات کے باوجود ٹرانسپورٹرز وسیع تر ملکی مفاد میں گاڑیاں چلا رہے ہیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو غور سے سنا اور انہیں حل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر وفاقی حکومت کے مشکل فیصلوں میں تعاون کرے، جبکہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

Scroll to Top