اسلام آباد: پاک فوج کے عظیم سپوت اور پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے شہید کیپٹن محمد سرور کا 78واں یوم شہادت آج ملک بھر میں قومی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا سیکٹر میں دشمن سے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن سرور شہید نے اگلے مورچوں سے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی جرات، شاندار عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ مادر وطن کے دفاع میں ان کی بے مثال قربانی نے انہیں ہمیشہ کے لیے تاریخ میں امر کر دیا۔
پاک فوج کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کی بہادری اور وطن سے بے لوث وابستگی آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے، ان کی قربانی نئی نسلوں میں حب الوطنی اور عزم کا جذبہ اجاگر کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن سرور شہید کے یوم شہادت پر ان کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جبکہ پھولوں کی چادر چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، ملک بھر میں اموات کی تعداد 107 تک پہنچ گئی، مزید بارشوں کی پیشگوئی
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت مسلح افواج کی قیادت نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کے 78ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال قربانی جرات، استقامت اور فرض شناسی کی روشن مثال ہے، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ان کی عظیم میراث کو ہمیشہ احترام اور عقیدت سے یاد رکھیں گے۔
ملک بھر میں کیپٹن محمد سرور شہید کے یوم شہادت کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں قوم اپنے عظیم ہیرو کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔





