پشاور: پشاور کے علاقے فقیر آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت شوکت کے نام سے ہوئی ہے، جو سیشن کورٹ پشاور میں بطور سٹینو گرافر خدمات انجام دے رہا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے فقیر آباد کے علاقے میں شوکت کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات کے شلخو سر میں دہشتگردوں کے خلاف پولیس آپریشن جاری، متعدد دہشتگرد ہلاک و زخمی
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کے لیے قریبی عمارتوں اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔





