اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے دیت کی نئی رقم مقرر کر دی ہے، جس کے تحت دیت کی رقم ایک کروڑ 93 لاکھ 52 ہزار 390 روپے مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دیت کی نئی رقم کا اطلاق رواں مالی سال کے لیے ہوگا اور یہ 30 جون 2027 تک نافذ العمل رہے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دیت کی رقم 30 ہزار 630 گرام چاندی کی مالیت کے مساوی مقرر کی گئی ہے۔ حکومت نے یہ تعین چاندی کی موجودہ قیمت کی بنیاد پر کیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ چاندی کی قیمتوں کو مدنظر رکھا گیا۔
وفاقی حکومت نے یہ اقدام تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 323 کے تحت کیا ہے، جس کے مطابق دیت کی رقم کا تعین چاندی کی مقررہ مقدار کی مالیت کے مطابق کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کے فقیر آباد میں فائرنگ، سیشن کورٹ کا سٹینو گرافر جاں بحق
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق دیت کی نئی رقم کا نفاذ یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ نوٹیفکیشن کو سرکاری گزٹ میں بھی شائع کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق دیت کی رقم میں ہر مالی سال چاندی کی قیمتوں میں تبدیلی کے باعث ردوبدل کیا جاتا ہے تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق نئی مالیت مقرر کی جا سکے۔





