موٹروے ایم 3 پر سمندری کے قریب مسافر بس اور مزدا میں تصادم کے نتیجے میں بس کا اسٹیورڈ محمد زبیر جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق حادثہ ایم 3 پر کلومیٹر 1024 کے قریب پیش آیا۔ راجن پور سے لاہور جانے والی مسافر بس آگے چلنے والے مزدا سے جا ٹکرائی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی وجہ بس ڈرائیور کو دورانِ ڈرائیونگ نیند آنا بتائی گئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں : نالہ لئی بپھر گیا، پانی 22 فٹ تک پہنچنے پر انخلا شروع، پاک فوج بھی طلب کر لی گئی
موٹروے پولیس نے ریسکیو اداروں کے تعاون سے زخمیوں کو مزید طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمندری منتقل کردیا۔
حادثے میں بس کا اسٹیورڈ محمد زبیر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ 4 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔





