نالہ لئی بپھر گیا، پانی 22 فٹ تک پہنچنے پر انخلا شروع، پاک فوج بھی طلب کر لی گئی

راولپنڈی: موسلادھار بارش کے باعث جڑواں شہروں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ بڑھ گیا، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا۔

رات ایک بجے سے شروع ہونے والی بارش صبح تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہوتی رہی۔ بگڑتی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیلابی کیفیت کے خطرے سے متعلق سائرن بھی بجا دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج سے بھی مدد طلب کرلی ہے۔

حکام کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ گوالمنڈی میں پانی 17.5 فٹ کی سطح تک بلند ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال میں تیزی سے اضافہ ہوا، صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی کی سطح 21.5 فٹ سے بڑھ کر 22 فٹ ہوگئی، جبکہ گوالمنڈی میں بھی پانی 15 فٹ سے بڑھ کر 17.5 فٹ تک جا پہنچا۔

پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top