سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، فیلڈ مارشل

راولپنڈی: یومِ آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق استقبالیے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر اور تاحیات خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے قومی استقامت کے فروغ اور اسے مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کے دیرپا کردار کو بھی سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سابق فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور پاک فوج کے ساتھ مسلسل رابطہ ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص تیزی سے پیچیدہ اور بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں سابق فوجیوں کی رہنمائی اور تجربات اہمیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top