پشاور: یومِ آزادی کے موقع پر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ٹریفک حادثات اور ڈوبنے کے واقعات نے کئی خاندانوں کو غمزدہ کردیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق مختلف واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور میں 14 اگست کے روز ایک ہی دن کے دوران 27 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 46 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ ایسے متعدد حادثات بھی پیش آئے جو ریسکیو 1122 کو رپورٹ نہیں کیے گئے، ان واقعات میں 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع میں ڈوبنے کے 16 واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
منڈا مہمند میں دو افراد ڈوب گئے، جن میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ منڈا چارسدہ میں بھی دو افراد ڈوب گئے، جہاں ایک شخص کی لاش نکال لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی یوم آزادی کے موقع پر کشمیری آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں گے
ہنڈ صوابی میں دریائے سندھ میں ایک باپ اور اس کے دو بیٹوں سمیت پانچ افراد ڈوب گئے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 صوابی کی غوطہ خور ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈوبنے والوں میں 26 سالہ اویس کا تعلق چارسدہ، 45 سالہ شکیل، ان کے 20 سالہ بیٹے شرجیل اور 16 سالہ بیٹے خضر کا تعلق مردان، جبکہ 14 سالہ مشال کا تعلق یارحسین سے بتایا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 صوابی کی غوطہ خور ٹیم دریائے سندھ میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے، تاہم تاحال کسی شخص کو تلاش نہیں کیا جاسکا۔ دریائے سندھ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب لوئر دیر میں بھی ایک شخص ڈوب گیا جسے ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت نکال لیا، جبکہ بونیر میں ڈوبنے والے پانچ افراد کو مقامی افراد نے بچا لیا۔ خان پور ہری پور میں ایک شخص ڈوب گیا جس کی لاش نکال لی گئی۔





