انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا تباہ کن زلزلہ

انڈونیشیا میں ہفتے کی صبح آنے والے 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد 47 ہوگئی۔

انڈونیشیا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے کے مطابق زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق متعدد افراد مختلف نوعیت کے زخمی بھی ہوئے ہیں۔

زلزلے اور اس کے بعد آنے والے متعدد آفٹر شاکس کے باعث سیکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں زلزلہ ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بجے سے کچھ دیر قبل آیا، انڈونیشین محکمہ موسمیات و جیو فزکس کے مطابق زلزلے کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ ماہرین کے مطابق کم گہرائی میں آنے والے زلزلے سطح زمین پر زیادہ تباہ کن اثرات مرتب کرتے ہیں۔

زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جن میں مغربی انڈونیشیا کے شمالی سماٹرا میں آنے والا 6.4 شدت کا زلزلہ بھی شامل ہے۔ انڈونیشیا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے کے مطابق اس زلزلے کی گہرائی 163 کلومیٹر تھی، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے اس کی شدت 6.9 ریکارڈ کی۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا خوفناک زلزلہ، زمین لرز اٹھی، سونامی کی وارننگ جاری

ماومیرے بندرگاہ سے سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انٹر آئی لینڈ فیری کے منتظر مسافروں کے اوپر ٹرمینل کی عمارت سے کنکریٹ کے بڑے ٹکڑے آ گرے۔ جہاز تک جانے والا راستہ منہدم ہونے کے باعث بعض افراد سمندر میں بھی جا گرے۔

صوبہ ایسٹ نوسا ٹینگارا کے گورنر ایمانوئل ملکیادیس لاکا لینا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بعض افراد ملبہ گرنے کے باعث نیند کے دوران ہی جان کی بازی ہار گئے۔

Scroll to Top