چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، جس کے دوران چینی ٹیم مختلف پاکستانی ٹیموں کے خلاف 10 میچز کھیلے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے مطابق گوانگ ڈونگ ہاکی ٹیم دورے کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، واہ کینٹ، لاہور، نارووال اور گوجرہ میں ایکشن میں ہوگی۔
چینی ٹیم اپنا پہلا میچ 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں ایم پی سی ایل کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 15، 17 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں مختلف پاکستانی ٹیموں کے مدمقابل ہوگی۔
گوانگ ڈونگ ٹیم 18 اکتوبر کو واہ کینٹ میں پاک ڈی ایس کے خلاف میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد 23 اور 27 اکتوبر کو لاہور میں بالترتیب پاکستان کسٹمز اور پاک ڈی ایس کے خلاف میدان میں اترے گی۔
شیڈول کے مطابق چینی ٹیم 24 اکتوبر کو نارووال جبکہ 26 اکتوبر کو گوجرہ میں میچ کھیلے گی۔ 29 اکتوبر کو ایک اضافی میچ بھی تجویز کیا گیا ہے، تاہم اس کے حتمی حریف اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست
پی ایچ ایف کے مطابق گوانگ ڈونگ ٹیم کے دورہ پاکستان کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ہاکی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ دورے سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی مسابقت کا تجربہ حاصل ہوگا، جبکہ ملک کے مختلف ہاکی مراکز میں کھیل کے فروغ اور سرگرمیوں میں بھی مدد ملے گی۔





