یوٹیوب نے ویڈیوز کے ذریعے پیسے کمانے والوں کے لیے شرائط مزید سخت کردیں

دنیا بھر میں لاکھوں افراد یوٹیوب کو تفریح کے ساتھ ساتھ آمدنی کے حصول کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، تاہم پلیٹ فارم سے کمائی کے خواہشمند نئے تخلیق کاروں کے لیے مونیٹائزیشن کی شرائط مزید سخت کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے تحت صارفین اشتہارات، چینل ممبرشپ، سپر چیٹ اور مرچنڈائز سمیت مختلف ذرائع سے آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔ نئی شرائط کے تحت طویل ویڈیوز کے ذریعے مونیٹائزیشن کے لیے مطلوبہ واچ ٹائم 4 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار گھنٹے کردیا گیا ہے، جبکہ ایک ہزار سبسکرائبرز کی شرط برقرار رہے گی۔

اسی طرح شارٹس کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کے خواہشمند صارفین کے لیے بھی ویوز کا ہدف دگنا کردیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق انہیں گزشتہ 90 دن کے دوران 2 کروڑ ویوز حاصل کرنا ہوں گے، جبکہ اس سے قبل یہ حد ایک کروڑ ویوز تھی۔

یوٹیوب کے مطابق نئی شرائط کا اطلاق یکم فروری 2027 سے ہوگا اور پہلے سے پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے والے صافین اس تبدیلی سے براہ راست متاثر نہیں ہوں گے۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ پارٹنر پروگرام میں شامل رہنے کے لیے شارٹس پر 90 دن میں ایک کروڑ ویوز کی حد برقرار رکھنا ہوگی۔ ہدف پورا نہ ہونے کی صورت میں صارف پروگرام میں رہ سکے گا اور طویل ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرتا رہے گا، تاہم شارٹس سے دوبارہ کمائی کے لیے اسے مقررہ ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان سے متعلق دعوی محض پروپیگنڈا ہے،یوتھیا یوٹیوبرز کے پاس معلومات زیرو ہیں، یہ صرف اپنی فرسٹیشن نکال رہے ہیں، سینئر صحافی منیب فاروق

یوٹیوب کے مطابق پلیٹ فارم پر روزانہ 200 ارب سے زائد شارٹس دیکھی جاتی ہیں، جبکہ ٹی وی اسکرینز پر صارفین روزانہ تقریباً ایک ارب گھنٹے یوٹیوب ویڈیوز دیکھتے ہیں۔ نئی شرائط کے بعد بالخصوص شارٹس پر انحصار کرنے والے نئے تخلیق کاروں کے لیے مونیٹائزیشن کا ہدف حاصل کرنا مزید مشکل ہوسکتا ہے۔

Scroll to Top