شدید دھند کا راج، موٹروے ایم 4 کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند، مسافروں کے لیے سفری ایڈوائزری جاری

لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم 4 کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

 موٹروے پولیس نے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

 موٹروے ایم 4 کے بند کیے گئے سیکشنز

ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق دھند کی شدت کے باعث حادثات سے بچاؤ کے لیے درج ذیل حصوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کی گئی ہے، پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک، عبدالحکیم سے شورکوٹ تک بند ہے۔

دن کے اوقات میں سفر کا مشورہ

ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے کی بندش کا بنیادی مقصد دھند کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے کو روکنا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر سفر انتہائی ناگزیر ہو تو دھند چھٹنے کا انتظار کریں اور دن کی روشنی کو ترجیح دیں۔

یہ بھی پڑھیں : صبا قمر نے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی، دسمبر میں شادی کی افواہوں کی تردید

 موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات سفر کے لیے نسبتاً زیادہ محفوظ رہتے ہیں۔

ڈرائیورز کے لیے اہم حفاظتی ہدایات

دھند کے دوران محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں، رفتار اور فاصلہ:گاڑی کی رفتار انتہائی کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

لین اور بریکنگ: اپنی لین کی پابندی کریں، غیر ضروری اوورٹیکنگ سے گریز کریں اور اچانک بریک ہرگز نہ لگائیں کیونکہ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث پیچھے آنے والی گاڑیوں کے لیے بروقت ردعمل دینا مشکل ہو جاتا ہے۔

لائٹس اور وائپرز: سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، جبکہ گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو درست حالت میں رکھیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے قبل موٹروے کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کر لیں اور تمام حفاظتی اصولوں پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top