کاشف عزیز
پشاور: پشاور ہائیکورٹ کے چار مستقل ہونے والے ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے چاروں ججز سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس فرح جمشید، جسٹس ثابت اللہ، جسٹس انعام خان اور جسٹس اورنگزیب خان شامل ہیں۔ حلف اٹھانے کے بعد چاروں ججز باضابطہ طور پر پشاور ہائیکورٹ کے مستقل جج بن گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں ٹارگٹ کلنگ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
حلف برداری کی تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے ججز، جوڈیشل افسران اور وکلاء نے شرکت کی۔
تقریب میں ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ، ہائیکورٹ بار کے صدر امین الرحمن یوسفزئی، خیبرپختونخوا بار کونسل کے اراکین اور دیگر وکلاء بھی شریک ہوئے۔
چاروں ججز کے مستقل ہونے کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں عدالتی امور کی انجام دہی کے لیے مستقل عدالتی بینچ کی حیثیت سے ان کی خدمات جاری رہیں گی۔





