وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں مسلسل دوسرے دن موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، واسا حکام کے مطابق راولپنڈی میں سب سے زیادہ 116 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔
ایم ڈی واسا کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں دوسرے روز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں سب سے زیادہ 116 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کیلئے رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں، لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ کے نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری تعینات ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شدید بارش کے باعث ایم ٹو موٹروے پر حادثہ، متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں، درجنوں زخمی
انہوں نے کہا کہ ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں بھی ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10.5 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 8.5 فٹ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا ، کشمیر،شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، اس دوران موسلادھار بارش کی بھی توقع، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔





