پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف بدھ سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ ان کی عدم موجودگی میں سلمان علی آغا قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے پری میچ پریس کانفرنس میں بابر اعظم کی عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بابر کے ہاتھ میں درد ہے اور میڈیکل ٹیم ان کا معائنہ کر رہی ہے۔ امید ظاہر کی گئی ہے کہ وہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
بابر اعظم کو گزشتہ ہفتے بیکنہم میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف پاکستان کے تین روزہ پریکٹس میچ کے دوران انگلی پر گیند لگی تھی۔ یہ واقعہ 39ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا جب فاسٹ باؤلر مینی لمسڈن کی تیز گیند بابر کے ہاتھ پر لگی۔ چوٹ لگنے کے فوراً بعد بابر اعظم نے بیٹ چھوڑ دیا اور میڈیکل اسٹاف کی طبی امداد کے بعد میدان سے باہر چلے گئے، وہ ۱۷ گیندوں پر ۵ رنز بنا سکے تھے۔
یہ ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ ہے کہ بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگی ہے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بعد ازاں احتیاطی تدبیر کے طور پر بابر اعظم کو پریکٹس میچ کا باقی حصہ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سٹار بلے باز بابراعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور ریکارڈ قائم کردیا
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہوگا۔





