راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے،سید پور 66، گولڑہ 52 ، بوکرہ 65 ملی، پیرودھائی 63، چکلالہ 47 اور شمس آباد میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
مسلسل تیسرے روز موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں طغیانی آگئی، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں ،اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے 20 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی، خیبر پختونخوا کے دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں بھی بارش متوقع ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، 21 اگست تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس کے باعث مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔





