پشاور: شاہین مسلم ٹاؤن چمن آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بجلی کی بندش کو 13 گھنٹوں سے زائد گزر چکے ہیں، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ روزمرہ کا معمول بن چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مقررہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ بھی تقریباً ہر دوسرے روز 4 سے 5 گھنٹے اضافی بجلی بند کردی جاتی ہے، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق بجلی کی طویل بندش کے حوالے سے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (PESCO) کو متعدد مرتبہ شکایات درج کرائی جاچکی ہیں، تاہم تاحال مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا اور صورتحال بدستور برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اپنا گھر پروگرام: 40 لاکھ روپے تک قرض، ماہانہ قسط کتنی ادا کرنا ہوگی؟
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کے بل اور مختلف ٹیکسز باقاعدگی سے اور مقررہ وقت پر ادا کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں بجلی کی بلاتعطل فراہمی میسر نہیں۔
طویل لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ طلبہ اور کاروباری افراد بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔ بجلی کی بندش سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہونے کے علاوہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ بجلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی فراہمی بحال کی جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کی جانب سے درج کرائی گئی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔





