معروف عالم دین مولانا طلحہ رضوی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

گجرات: شادیوال کے علاقے میں معروف مذہبی شخصیت اور عالم دین مولانا طلحہ رضوی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مولانا طلحہ رضوی گزشتہ روز مدرسے میں قرآن پاک کی تلاوت میں مصروف تھے کہ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ گولیاں لگنے کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور زخمی مولانا طلحہ رضوی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے منتقل کردیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آئین سے متصادم قانون سازی قبول نہیں، سیاسی مداخلت بھی مسترد کرتے ہیں، فضل الرحمان

پولیس نے مولانا طلحہ رضوی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیمیں مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی شناخت کے لیے بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مولانا طلحہ رضوی کے قتل کی خبر سامنے آنے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی، جبکہ مذہبی حلقوں کی جانب سے واقعے پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

Scroll to Top