تہران : ایران کی کرنسی مسلسل گراوٹ کے بعد تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، امریکی ڈالر کی قیمت 20 لاکھ ایرانی تومان سے بھی تجاوز کرگئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بڑی غیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آغاز میں ایک امریکی ڈالر تقریباً 18 لاکھ 65 ہزار ریال پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں 7 فیصد سے زائد اضافے کے بعد 20 لاکھ ایرانی تومان کی سطح عبور کرگیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقات، اہم امور پر بات چیت
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے میں ڈالر تقریباً 9 لاکھ 58 ہزار ریال کا تھا، یعنی ایک سال کے دوران امریکی کرنسی کی قیمت تقریباً دگنی ہوگئی ہے۔
اس سے قبل اتوار کو ایران کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تقریباً 19 لاکھ 80 ہزار ریال ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ پاؤنڈ 27 لاکھ ریال اور یورو تقریباً 23 لاکھ 10 ہزار ریال پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
تازہ صورتحال ایرانی ریال پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی نشاندہی کرتی ہے، جبکہ غیرملکی کرنسیاں کھلی منڈی میں مسلسل نئی بلند ترین سطحیں عبور کر رہی ہیں۔





