تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران پہنچ گئے، جہاں دونوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کے سلسلے میں ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پرامن، پائیدار اور جامع حل کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ایران کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ دورے کے دوران اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : سرحد یونیورسٹی واقعہ، فوج کی اعلیٰ قیادت نے سخت نوٹس لے لیا
ایرانی سرکاری میڈیا ارنا کے مطابق اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ان کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران دونوں فریقوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا اور خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں۔
امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بھی مختلف معاملات پر اختلافات کے باعث تعطل کا شکار ہوئے، جبکہ بعد ازاں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حملے بھی کیے گئے۔
موجودہ صورتحال میں پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے پُرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔





