اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس،گندم اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت اہم فیصلوں کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کی گندم کی فراہمی، پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد، روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی اور کراچی واٹر پروجیکٹ کے لیے اہم مالیاتی اور انتظامی منظوری دے دی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پاسکو کے گندم ذخائر تمام وصول کنندہ اداروں کو 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی گندم کی شرح سے فراہم کرنے کی سمری منظور کی گئی جس کا مقصد پاسکو بورڈ کی سفارشات کے مطابق درآمدی گندم کے ذخیرے کو بروقت استعمال میں لانا ہے۔

توانائی کے شعبے میں ای سی سی نے پیٹرولیم مصنوعات غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج سہولیات کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز منظور کر لی تاکہ ملک میں پائیدار سپلائی چین یقینی بنائی جا سکے۔

اس کے علاوہ پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان طے پانے والے بین الحکومتی معاہدے کے تحت او کیو ٹریڈنگ اور پی ایس او کے درمیان سیل پرچیز ایگریمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ڈیفنس ڈویژن کی سفارش پر نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے لیے یونین سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں، پی آئی اے آئی ایل اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت 153.855 ملین امریکی ڈالر کے مساوی رقم کی حکومتی ضمانت منظور کی گئی۔

مالیاتی منظوریوں کے تحت کراچی کے لیے کے-فور واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 7 ارب 797 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی جبکہ بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کے لیے فرنٹیئر کور (ساؤتھ) کے لیے 56 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری بھی شامل ہے۔

Scroll to Top