ملک کے ممتاز ٹیلی کام برانڈز یوفون اور ٹیلی نار پاکستان نے مشہور ایوارڈز تقریب ’ڈریگنز آف پاکستان 2026‘ میں تخلیقی اور اثر انگیز مہمات پر مجموعی طور پر 9 اعزازات اپنے نام کر لیے ہیںجن میں 2 گولڈ، 2 سلور اور 5 بلیک ڈریگنز شامل ہیں۔
منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق دونوں برانڈز کو مارکیٹنگ، پبلک ریلیشنز، میڈیا، ڈیجیٹل، کانٹینٹ کریئیشن اور اسمال بجٹ کے شعبوں میں بہترین کارکردگی پر ان انعامات سے نوازا گیا۔
یوفون نے مجموعی طور پر 5 ایوارڈز حاصل کیے، جن میں اس کی مشہور مہم ’بابر اعظم کا گمشدہ فون، ڈیٹا بہت ہے‘ کو مارکیٹنگ ڈسپلن اور پبلک ریلیشنز میں 2 گولڈ ڈریگن جبکہ میڈیا کیٹیگری میں بلیک ڈریگن ملا۔ اس کے علاوہ یوفون کی مہم ’سپر 5‘ کو میڈیا کے شعبے میں سلور ڈریگن اور ’5 جی لانچ: اِٹز مور دین جسٹ اسپیڈ‘ کو ڈیجیٹل کیٹیگری میں سلور ڈریگن سے نوازا گیا۔
دوسری جانب ٹیلی نار پاکستان نے پی ٹی ایم ایل کے کھاتے میں 4 بلیک ڈریگن ایوارڈز کا اضافہ کیا۔ برانڈ کی مہم ’کامک فیڈز‘ کو کانٹینٹ کریئیشن، ’ٹینشن کو اسمیش کرو‘ کو ڈیجیٹل، ’کراچی کا کنکشن‘ کو اسمال بجٹ اور ’انفلوئنسر ٹیکٹیکل کیمپینز‘ کو پبلک ریلیشنز کے شعبے میں ایوارڈز ملے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا کاروباری اوقات کار میں اضافہ ہو سکے گا؟
اس شاندار کامیابی پر پی ٹی ایم ایل کے چیف کمرشل آفیسر سید عاطف رضا کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ٹیمز کی تخلیقی کاوشوں اور محنت پر بے حد فخر ہے اور یہ 9 ایوارڈز ہماری ٹیم اور پارٹنرز کی محنت کا اعتراف ہیں۔





