اسلام آباد: 2019 کی پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے سابق گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان نے بھارتی فضائیہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی اور اب نجی ایئرلائن میں کمرشل پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ابھینندن ورتھمان نے بھارتی فضائیہ میں 22 سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ لی اور اگست 2026 میں گووا کی مقامی ایئرلائن FLY91 میں بطور پائلٹ شمولیت اختیار کی۔
رپورٹ کے مطابق ابھینندن نے اپنی نئی ملازمت کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا، جبکہ FLY91 کے ترجمان نے بھی ملازمین سے متعلق ذاتی معلومات فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے معاملے کو نجی قرار دیا ہے۔
FLY91 نے مارچ 2024 میں کمرشل پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ ایئرلائن کے بیڑے میں اس وقت 6 اے ٹی آر 72-600 طیارے شامل ہیں، جبکہ اس کے دو بیس گووا اور حیدرآباد میں قائم ہیں۔
2019 کی پاک بھارت فضائی جھڑپ
ابھینندن ورتھمان فروری 2019 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی شدید فوجی کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر خبروں میں آئے تھے۔
فروری 2019 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے حملے میں 40 بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا اور پاکستان میں فضائی کارروائی کی۔
اگلے روز پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کی، جسے پاکستان نے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کا نام دیا۔ فضائی جھڑپوں کے بعد دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا اور خطے میں جنگ کے خدشات پیدا ہوگئے تھے۔
ابھینندن کی گرفتاری اور رہائی
27 فروری 2019 کو ہونے والی فضائی جھڑپ کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا، جس کے بعد پائلٹ ابھینندن ورتھمان پاکستان میں گرفتار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : زیارت کراس: بھارتی سرپرستی میں کسٹم چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 10 دہشت گرد ہلاک
طیارہ گرنے سے قبل ابھینندن نے ایجیکٹ کیا تھا اور اس دوران انہیں چوٹیں بھی آئیں۔ وہ تقریباً تین روز پاکستان میں زیرحراست رہے، جس کے بعد یکم مارچ 2019 کی رات پاکستان نے انہیں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کردیا۔
ویر چکر سے بھی نوازا گیا
پاکستان میں گرفتاری اور رہائی کے واقعے کے بعد ابھینندن کو بھارت میں نمایاں حیثیت حاصل ہوئی۔ بھارتی حکومت نے اسی سال انہیں ویر چکر سے نوازا، جو بھارت کا تیسرا بڑا جنگی بہادری کا اعزاز ہے۔
’ٹی از فنٹاسٹک‘ کیوں مشہور ہوا؟
پاکستان میں گرفتاری کے دوران ابھینندن کو چائے پیش کیے جانے کا واقعہ بھی خاصا مشہور ہوا۔ چائے پینے کے بعد ان کی جانب سے کہے گئے الفاظ ’ٹی از فنٹاسٹک‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور ہیش ٹیگ تقریباً 36 گھنٹے تک ٹرینڈ کرتا رہا۔
واقعے کو سات سال گزرنے کے باوجود ابھینندن کی ’ٹی از فنٹاسٹک‘ والی چائے کا ذکر پاکستان میں آج بھی سوشل میڈیا پر دیکھنے کو ملتا ہے۔





