کوئٹہ: زیارت کراس کے مقام پر کسٹمز چیک پوسٹ پر حملے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں کسٹمز اہلکار اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب مسلح افراد نے زیارت کراس میں قائم کسٹمز چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ چیک پوسٹ کی حفاظت کے لیے فرنٹیئر کور اور پولیس کے اہلکار بھی تعینات تھے۔
حملے کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک کسٹمز اہلکار اور ایک افسر سمیت 6 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد فرنٹیئر کور کے کوئیک رسپانس فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے میں مسلح حملہ آوروں کی تلاش اور تعاقب کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن ردالفتنہ 3: زیارت کراس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کا حملہ ناکام
فراہم کردہ معلومات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے، تاہم ہلاکتوں کی تعداد کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
زیارت کراس کسٹمز چیک پوسٹ افغانستان سے آنے والی غیر کسٹم پیڈ گاڑیوں، منشیات اور دیگر اسمگل شدہ اشیا کی روک تھام کے لیے قائم کی گئی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
حملے کے محرکات اور ذمہ داروں سے متعلق مزید معلومات سکیورٹی اداروں کی تحقیقات کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔





