راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے کے سامنے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ کی جانب سے پاک افغان سرحد کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کا سراغ لگایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے درانداز گروپ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران درست اور مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق فالو اَپ سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم مزید بے نقاب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں، 21 دہشتگردہلاک ، 6 جوان شہید
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، جس کے نتیجے میں سرحد پار دہشت گردی جاری ہے۔
بیان کے مطابق افغان طالبان حکومت مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی مسلسل ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور پرعزم ہیں۔ علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں موجود خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کی کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری رہیں گی۔





