خیبرپختونخوا حکومت کی سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کی تیاریاں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی قیادت کریں گے

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور تحریک انصاف کی مرکزی و صوبائی قیادت سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ کے لیے پہنچ رہی ہے، جہاں عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کیا جائے گا۔

شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ضلع گھوٹکی کے علاقے کامو شہید سے اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں گے، جہاں وہ پارٹی قائدین کے ہمراہ کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد پارٹی قیادت ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ پہنچے گی، جہاں کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا جائے گا، جبکہ جیکب آباد میں بھی عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں شروع کی جانے والی اسٹریٹ موومنٹ عوامی جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ہونے والا سیاسی انتقام عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کیلئے حکومت کی جانب سے سنجیدگی نظر نہیں آرہی، سلمان اکرم راجہ

شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ فارم 47 کی مینڈیٹ چور حکومت عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کو الشفا ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کی فیملی سے ملاقاتوں سمیت ہسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے اعلان سے فارم 47 کے حکمران شدید خوفزدہ ہیں، تاہم 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔

شفیع جان نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر عمران خان کی رہائی، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کو آگے بڑھائے گی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top