پشاور میں سرکاری آٹے کی پھر قلت، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: شہر میں سرکاری آٹے کی دستیابی ایک بار پھر متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ فقیر آباد اور اشرف روڈ سمیت مختلف علاقوں میں سرکاری نرخ پر آٹے کے حصول کے لیے شہریوں کو طویل انتظار اور دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق فقیر آباد، اشرف روڈ میں گزشتہ روز بعض مقامات پر فلور ملز سے آٹے کی بروقت فراہمی نہ ہونے کے باعث ڈیلرز کے پاس موجود سرکاری آٹے کا اسٹاک ختم ہوگیا، جس سے شہریوں کو مشکلات پیش آئیں۔

دوسری جانب نگرانی کے عمل کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے مزید آٹا ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایسے ڈیلرز کی نشاندہی کرکے تفصیلی رپورٹ محکمہ خوراک کو بھجوا دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے پر کوٹے منسوخ کرنے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی پشاور کی کامیاب کارروائی، فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک

محکمہ خوراک کے حالیہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے صوبے بھر میں 1639 فعال ڈیلرز کے ذریعے 3 لاکھ 6 ہزار 303 سرکاری آٹے کے تھیلے فراہم کیے گئے۔

جبکہ پشاور ڈویژن میں 86 ہزار 854 تھیلے فراہم کیے گئے۔ پشاور میں قواعد کی خلاف ورزی پر 14 آٹا ڈیلرز کے کوٹے اور لائسنس بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کو مؤثر نگرانی اور بروقت فراہمی کے اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ انہیں آٹے کے حصول کے لیے خوار نہ ہونا پڑے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top