پشین: پشین میں زیارت کراس کے قریب کچ مور کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی پارٹی کو مسلح افراد کی جانب سے حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق 3 ستمبر کو ایف سی کے 134 ونگ کی ایک پارٹی کچ مور کے علاقے میں نئی پوسٹ قائم کرنے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
زیارت کراس سے تقریباً تین سے چار کلومیٹر آگے پہنچنے پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر ناکہ لگا کر پارٹی پر اچانک فائرنگ شروع کردی۔
سیکیورٹی فورسز نے حملے کے بعد جوابی کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں : خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، شمالی وزیرستان میں 15 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھڑپ میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ فورسز کے 8 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا اور ایک اہلکار زخمی ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی معاونت اور کمک کے لیے ہیلی کاپٹر بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔
واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات اور ہلاکتوں کی حتمی تعداد متعلقہ حکام کی جانب سے تصدیق کے بعد سامنے آسکے گی۔





