اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سی ایس ایس امتحان میں شرکت کے لیے عمر کی بالائی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال کرنے اور امیدواروں کو تین کے بجائے پانچ مواقع دینے کی سفارش مسترد کردی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کی ذیلی کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ سی ایس ایس امتحان سے متعلق موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف پی ایس سی وفاقی حکومت کی منظور شدہ پالیسی کے تحت امتحانات کا انعقاد کرتا ہے، جبکہ عمر کی حد اور مواقع میں تبدیلی وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ اختیار میں آتی ہے۔
تحریری مؤقف میں کہا گیا ہے کہ عمر کی حد بڑھانے سے سی ایس ایس امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں امتحانات کے انعقاد اور پرچوں کی جانچ کا بوجھ بھی بڑھے گا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق امیدواروں کو مزید مواقع دینے سے بعض افراد طویل عرصے تک امتحان کی تیاری میں اپنے پیداواری سال صرف کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب زیادہ عمر میں سول سروس میں شامل ہونے والے افسران کی مؤثر مدتِ ملازمت کم رہ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس تحریری امتحانات 2026 کا نتیجہ جاری، کامیابی کا تناسب کیا رہا؟ایف پی ایس سی نے بتادیا
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عمر کی حد بڑھانے سے بعض افسران 37 سے 38 سال کی عمر میں فیلڈ اسائنمنٹس سنبھال سکتے ہیں، جس سے اعلیٰ عہدوں کے لیے تجربہ کار افسران کی طویل المدتی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔





