گومل یونیورسٹی سے ملحقہ نجی کالجوں کے ریکارڈ میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف

Pakistan SCO Summit 2026

گومل یونیورسٹی سے ملحقہ نجی کالجوں کے تعلیمی ریکارڈ کے جائزے اور فزیکل انسپکشن کے دوران داخلوں، رجسٹریشن، انرولمنٹ، حاضری اور امتحانات کے ریکارڈ میں متعدد بے ضابطگیوں اور تضادات کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے گومل یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ نجی کالجوں کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ معاملہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے سامنے بھی اٹھا دیا گیا ہے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے HEC کو ارسال کردہ مراسلے میں گومل یونیورسٹی سے وابستہ نجی کالجوں کے الحاق اور ان کے علاقائی دائرۂ اختیار کی مکمل جانچ کی درخواست کی گئی ہے۔ مراسلے میں نجی کالجوں کے داخلوں، حاضری، امتحانات اور جاری کردہ ڈگریوں کے ریکارڈ کی بھی مکمل تصدیق کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق HERA کے ریکارڈ کے جائزے اور فزیکل انسپکشن کے دوران بعض نجی کالجوں کے تعلیمی ریکارڈ میں متعدد خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔ اس تناظر میں HERA سے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں اور پروگراموں میں مزید داخلوں پر عارضی پابندی عائد کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ پروگراموں میں داخلوں کا عمل ان کی حیثیت کی تصدیق تک روکنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نامکمل، مشکوک یا غیر دستیاب طلبہ ریکارڈ کی بنیاد پر جاری ہونے والی ڈگریوں کی بھی مکمل تصدیق کی سفارش کی ہے۔ اس کے علاوہ مشکوک تعلیمی ریکارڈ رکھنے والے گریجویٹس کی اہلیت جانچنے کے لیے صلاحیت یا تصدیقی ٹیسٹ لینے پر غور کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی کالجوں کے طلبہ، حاضری اور امتحانات کے ریکارڈ کو گومل یونیورسٹی کے دستیاب ریکارڈ سے ملا کر تصدیق کی جائے، جبکہ ریکارڈ میں بے ضابطگیاں ثابت ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:گومل یونیورسٹی میں ڈیجیٹلائزیشن کا اہم قدم، ڈیٹا سینٹر اور لنک ون سروس کا افتتاح

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق اعلیٰ تعلیمی اسناد کی ساکھ، شفافیت اور طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کے لیے گومل یونیورسٹی سے ملحقہ نجی کالجوں کے ریکارڈ کی جامع اور شفاف جانچ ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے HEC سے بھی تعاون طلب کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان افریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے نظام میں بہتری، شفافیت اور احتساب کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top