شفیع جان مریم نواز پر تنقید سے پہلے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کا حساب دیں، رحمت سلام خٹک

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی ترجمان رحمت سلام خٹک نے کہا ہے کہ شفیع جان کو مریم نواز پر تنقید اور سیاسی بیان بازی سے پہلے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کا حساب دینا چاہیے۔

اپنے بیان میں رحمت سلام خٹک نے کہا کہ شفیع جان پہلے یہ واضح کریں کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ کئی برس سے حکومت کس جماعت کی ہے اور صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے دہشت گردی کے خلاف قومی ذمہ داری کی بات کی ہے، تاہم اسے صوبائیت کا رنگ دینا شفیع جان کی سیاسی مجبوری ہوسکتی ہے، حقیقت نہیں۔

رحمت سلام خٹک کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، مسلم لیگ (ن) ان قربانیوں کو تسلیم کرنے کے ساتھ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ بھی کھڑی ہے، تاہم قربانیوں کی بنیاد پر صوبائی حکومت اپنی انتظامی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کی وجوہات کیا ہیں، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو مطلوبہ وسائل و سہولیات کیوں فراہم نہیں کی جارہیں اور امن کے نام پر طویل عرصے سے اقتدار میں موجود حکومت عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں کیوں ناکام ہے؟

یہ بھی پڑھیں : جو خود اربوں روپے خرچ کرتے رہے، انہیں الزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عظمیٰ بخاری کا مریم نواز کے دورۂ لندن پر تنقید کرنے والوں کو جواب

صوبائی ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مریم نواز پر الزام تراشی آسان ہے، لیکن اپنی حکومت کی کارکردگی کا حساب دینا مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف واضح ہے کہ دہشت گردی نہ پنجاب کا مسئلہ ہے اور نہ صرف خیبرپختونخوا کا، بلکہ یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے جس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔

رحمت سلام خٹک نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے خیبرپختونخوا حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کو امن، ترقی، روزگار اور بہتر طرز حکمرانی فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے شفیع جان سے کہا کہ اگر وہ واقعی قومی یکجہتی کے خواہاں ہیں تو پہلے اپنی جماعت کے رہنماؤں کو قومی اداروں، وفاق اور دیگر صوبوں کے خلاف مسلسل نفرت انگیز سیاست سے روکیں۔

رحمت سلام خٹک نے مزید کہا کہ مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے کے بجائے شفیع جان کو خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور صوبے میں امن و ترقی کے لیے اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top