محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا میں ٹیکنالوجی کی نئی انٹری، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

Pakistan SCO Summit 2026

رانی عندلیب
پشاور: خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اینڈ ڈیجیٹل انیشی ایٹو یونٹ قائم کر دیا ہے۔ سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی منظوری کے بعد یونٹ کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

محکمہ تعلیم کے مطابق یہ ملک کا پہلا آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل انیشیٹو یونٹ ہے، جس کا مقصد محکمہ تعلیم کے انتظامی، تعلیمی اور گورننس نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے جدت لانا، کارکردگی بہتر بنانا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

یونٹ 7 ارکان پر مشتمل ہوگا، جس کی سربراہی اسپیشل سیکرٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارمز تشفین حیدر کریں گے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر EMIS نور شیر کو ٹیم لیڈ مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز آئی ٹی محمد آصف خان اور عادل مقصود، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی سید اعزاز حسین شاہ، ڈیٹا اینالسٹ مسرور شاہ اور اے آئی ایکسپرٹ عبدالرحمٰن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اے آئی ایکسپرٹ کی خدمات عارضی طور پر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے حاصل کی جائیں گی، جب تک ڈونرز یا محکمہ کی جانب سے باقاعدہ اے آئی ایکسپرٹ دستیاب نہیں ہو جاتا۔

یونٹ کو محکمہ تعلیم میں 10 اہم ٹاسک تفویض کیے گئے ہیں، جن میں اے آئی اور ڈیجیٹل منصوبوں کے لیے تکنیکی فریم ورک، گائیڈ لائنز اور منصوبے تجویز کرنا، ڈیجیٹل پروجیکٹس کی نگرانی اور موجودہ نظام کی بہتری شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں فرنیچر اور بلیک بورڈز سے متعلق اہم ہدایات جاری

یونٹ محکمہ تعلیم میں روایتی اور دستی طریقہ کار کو ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کے لیے اقدامات تجویز کرے گا، جس سے دفتری و انتظامی امور کی رفتار اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ کیا جا سکے گا۔

شفافیت اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے لیے جدید ایپلی کیشنز اور ڈیٹا اینالیٹکس ڈیش بورڈز کے قیام پر بھی کام کیا جائے گا، تاکہ فیصلہ سازی کے عمل میں ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر استفادہ کیا جا سکے۔

اے آئی و ڈیجیٹل انیشیٹو یونٹ محکمہ تعلیم کے موجودہ انتظامی، تعلیمی اور گورننس نظام میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ محکمہ کے تمام ڈیٹا بیس، ایپلی کیشنز اور دیگر سافٹ ویئرز کو یکجا کرنے کے لیے بھی کام کرے گا۔

یونٹ کی ذمہ داریوں میں ڈیجیٹل ڈیٹا کی حفاظت، ڈیٹا پرائیویسی اور سائبر سیکیورٹی کے مؤثر نظام کو یقینی بنانا بھی شامل ہے، جبکہ تمام متعلقہ ڈائریکٹوریٹس اور ذیلی اداروں کو یونٹ کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔

آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل انیشیٹو یونٹ براہِ راست سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی نگرانی میں کام کرے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top