صوابی کے سرکاری اسکول میں سہولیات کا فقدان، 750 طلبہ مشکلات کا شکار

Pakistan SCO Summit 2026

صوابی: تحصیل رزڑ کے علاقے پرمولی میں گورنمنٹ پرائمری اسکول پرمولی نمبر 1 بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہے، جہاں 750 سے زائد طلبہ مناسب فرنیچر اور دیگر ضروری سہولیات نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق گورنمنٹ پرائمری اسکول پرمولی نمبر 1 تحصیل رزڑ کے ان سرکاری اسکولوں میں شامل ہے جہاں طلبہ کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اسکول میں تقریباً 750 بچے زیر تعلیم ہیں، تاہم کلاس رومز اور اساتذہ کی کمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں طلبہ کے لیے مناسب کرسیاں، ڈیسک، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں بچے کئی برس سے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں فرنیچر اور بلیک بورڈز سے متعلق اہم ہدایات جاری

مقامی افراد کے مطابق طلبہ کی بڑی تعداد کے مقابلے میں موجودہ کلاس رومز اور اساتذہ ناکافی ہیں، جس سے بچوں کے تعلیمی مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

پرمولی کے عوام نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور طلبہ کے لیے اضافی کلاس رومز، اساتذہ، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ 750 سے زائد بچوں کے لیے مناسب تعلیمی ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا خاتمہ کرکے بہتر اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top