صوبہ ہزارہ وقت کی ضرورت ہے، آئینی و قانون جدوجہد جاری رکھیں گے، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

Pakistan SCO Summit 2026

ایبٹ آباد: وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اس وقت صوبہ ہزارہ کی ضرورت ہے، تمام ہزارے وال اس مقصد کے لیے متحد ہیں اور صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

نواں شہر ٹاؤن شپ میں تحریک صوبہ ہزارہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ بابا حیدر زمان ہمارے لیڈر تھے، جنہوں نے صوبہ ہزارہ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی سے صوبہ ہزارہ کے حق میں تین مرتبہ قراردادیں منظور ہوچکی ہیں، جبکہ سینیٹ میں بھی اس حوالے سے بل پیش کیا جاچکا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے نئے صوبوں کے قیام کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، ہزارے وال بھی اپنے حق کے لیے بڑے احتجاج کرچکے ہیں۔ ہر سال 12 اپریل کو صوبہ ہزارہ کے شہداء اور تحریک کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ سب کا مشترکہ مقصد ہے اور ہزارہ سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اس معاملے پر ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔ نئے صوبوں کا قیام اچھا قدم ہے، صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی اضلاع کا الگ صوبہ: اورکزئی کے عوام نے تجویز کی حمایت کر دی

تقریب میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، سابق ایم این اے سردار مشتاق، سابق ایم پی اے اورنگزیب نلوٹھہ، سابق صوبائی وزیر قلندر لودھی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top